پی ڈی ایم ،پی ٹی آئی لڑائی مفادات کی ہے،سراج الحق

پشاور(امت نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ پی ڈی ایم اور پی ڈی آئی کے درمیان لڑائی مفادات کے لیے ہے

سابق مئیر پشاور ارباب طارق کی جماعت اسلامی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جہاں حکومت میں ہوتے ہوئے جماعتیں سپریم کورٹ کے خلاف احتجاج کررہی ہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ پشاور میں ریڈیو پاکستان اور پنجاب میں جناح ہاؤس جل رہا تھا تو نگراں حکومتیں کہاں تھیں، بانی پاکستان کی نشانیاں جلائی گئیں، ریڈیو پاکستان کی عمارت دیکھی، عمارت رو رہی ہے، آپ لوگ ملک نہیں چلا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں عمران خان کو رہائی ملی لیکن جماعت اسلامی کے کارکنوں کیلئے یہ انصاف نہیں، کیا انصاف کا یہ معیار سب کے لیے میسر ہے، ملک میں دو نظام نہیں چل سکتے

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سیاسی مسائل کا حل عدالتیں نہیں ڈائیلاگ ہیں، مرکز اور صوبوں میں نگراں حکومتیں قائم کرکے ملک میں ایک ہی دن الیکشن کرائے جائیں، سیاسی تنازع کے حل کے لیے فل کورٹ بناکر فیصلہ دیں، پھر کوئی بھی فیصلے سے اختلاف نہیں کرسکتا۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی لڑائی مفادات کے لئے ہے، انہی جماعتوں کے لیڈروں کے نام پانامہ لیکس میں شامل ہیں، ہم پانامہ لیکس پر عدالت گئے لیکن انصاف نہیں ملا، آج ملک افسردہ ہے، ہر شخص پریشان ہے، پنجاب سے آٹے کی ترسیل پر صوبوں میں پابندی قبول نہیں، یہ ایک ملک ہے تو گندم یا آٹے پر تقسیم کیوں ڈالی جارہی ہے۔