اسلام آباد: پی ڈی ایم کے مظاہرین ریڈزون میں داخل

اسلام آباد (امت نیوز) پی ڈی ایم کے مظاہرین ریڈزون میں داخل ہوگئے ہیں، پولیس نے سیرینا چوک کا راستہ کھول دیا۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق جے یو آئی کے وفد سےبات چیت جاری ہے، دھرنے کے مقام کا ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا، اسلام آباد میں دفعہ 144نافذ ہے۔

اس سے قبل پی ڈی ایم و جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی کال پر سپریم کورٹ آف پاکستان کے سامنے احتجاج و دھرنے کیلئے اسلام آباد پہنچنے والے پی ڈی ایم کے کارکنان نے ریڈزون میں داخلے کی کوشش کی تھی تاہم نادرا چوک پر پہنچنے والے کارکنوں کو پولیس نے واپس بھیج دیا تھا۔

دوسری جانب  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے سپریم کورٹ کے سامنے احتجاجی جلسے کے اعلان پر اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کو خدشات سے آگاہ کر دیا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی انتظامیہ اور پولیس نے وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کو بتایا ہے کہ سپریم کورٹ کے باہر عوام کے بڑے مجمعے کے جمع ہونے سے سیکیورٹی خدشات ہوں گے،اسلام آباد کی انتظامیہ اور پولیس نے رانا ثناء اللّٰہ کو بتایا ہے کہ ریڈ زون میں اہم سرکاری عمارتیں اور سفارت خانے موجود ہیں۔

وزیرِ داخلہ کو اسلام آباد کی انتظامیہ اور پولیس نے بتایا ہے کہ احتجاج کے باعث شر پسند عناصر مجمعے کی آڑ میں ریڈ زون میں داخل ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ریڈ زون میں پولیس، ایف سی اور رینجرز کے جوان تعینات ہیں، دفعہ 245 کے تحت اہم عمارتوں کے باہر پہلے ہی فوج تعینات ہے۔