پشاور: خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی رہنما کو گرفتاری سے بچانے پر ایس ایچ او کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق ایس ایچ او گلبرگ فواد علی تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے ملک واجد کے ساتھ رابطے میں ملوث پائے گئے۔
ملک واجد کا کارکنان کو لوٹ مار اور جلاؤ گھیراؤ کے لیے اکسانے میں اہم کردار تھا، ایس ایچ او ورکرز کو اکسانے والے سابق ایم پی اے کو گرفتاری سے بچانے کے لیے فونز بند کرنے کا کہتے رہے۔
مقدمے کے مطابق ایس ایچ او فواد علی سابق ایم پی اے ملک واجد کو دیگر معلومات دینے میں بھی ملوث پائے گئے، ایس ایچ او کے خلاف سب انسپکٹر حسن علی کی مدعیت میں تھانا گلبرگ میں مقدمہ درج کیا گیا۔
دوسری جانب، تحریک انصاف کے ایم پی ایز اور سابق وزرا کی عدم گرفتاری پر خیبر پختونخوا پولیس نے مزید دو افسران کی تحقیقات شروع کر دیں۔
سینیئر پولیس افسر کے مطابق دونوں افسران نے اپنے زیر استعمال فون نمبروں کے بجائے دوسرے موبائل نمبرز سے کالز کیں،اسپیشل برانچ کو معاونت دینے والے افسران کیخلاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔