لاہور(امت نیوز)پی ٹی آئی کی جانب سے زمان پارک سے ملحقہ گراؤنڈ میں 9 مئی کو جاں بحق ہونے والے افراد کی غائبانہ نماز جنازہ اداکی گئی ۔ تاہم اس میں پی ٹی آئی کےکسی رہنما نے شرکت نہیں کی
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پرنماز جنازہ مفتی فکات اللہ نائب صدر پاکستان تحریک انصاف علما ونگ نے نماز جنازہ پڑھائی۔ جس میں کارکنوں نے شرکت کی تاہم کوئی مرکزی رہنما شریک نہ ہوا۔
نماز جنازہ کے بعد جاں بحق افراد کے لئے دعائے مغفرت کی گئی،
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں اعلان کیا تھا کہ 9 مئی کے پُرامن احتجاجی شرکا کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔
عمران خان نے کہا تھا کہ نماز مغرب کے بعد پی ٹی آئی کے شہید والوں کے لئے غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی، یہ وہ لوگ ہیں جو اپنے حقوق کے لئے پرامن احتجاج کے لیے باہر نکلے تھے، کئی تشویشناک حالت میں اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، افسوس یہ ہے کہ کوئی اس واقعے پرتحقیقات نہیں کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح سیدھی گولیاں کہیں نہیں ماری جاتیں، فرانس کو دیکھ لیں جہاں پڑول بم پولیس پر پھینکے گئے لیکن کسی نے ان کو گولی نہیں ماری۔
پاکستان تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ احتجاج کے دوران پولیس کی فائرنگ سے پنجاب میں ایک درجن سے زائد شرکا جاں بحق ہوئے جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی گولیاں لگنے سے 6 مظاہرین دم توڑ گئے تھے۔