کراچی (اسٹاف رپورٹر)واٹربورڈ کی حب ٹرنک مین لائن سے پانی کی چوری کے خلاف آپریشن کے دوران سائیٹ سپرہائی وے پر 66 انچ قطر کی لائن سے 4 انچ کا غیر قانونی کنکشن کاٹ دیا گیا۔ پانی مافیا کے کارندے عابد اور شاہجہان کے خلاف مقدمہ درج کرادیا گیا ۔
ہفتے کومنگھوپیر میں آپریشن کرکے 4 انچ کے دو کنکشن کاٹے گئے تھے اور چار ملزمان کے خلاف منگھوپیر تھانے میں مقدمہ درج کرانے کے ساتھ ساتھ دو ہزار فٹ سے زیادہ پائپ برآمد کیا گیا تھا ، اتوار کی شب معمار کے علاقے میں بنگالی موڑ گوہر ریزیڈنسی کے عقب سے 66 انچ کی مرکزی لائن سے پانی چوری پکڑی گئی ، یہ چوری 4 انچ کے پائپ سے کی جارہی تھی ، مذکورہ واقعہ کا مقدمہ سائیٹ سپر ہائی وے میں درج کرایا گیا ہے،
واٹر بورڈ اینٹی تھیفٹ سیل میں تعینات جمیل الدین نے مقدمہ الزام نمبر 2023/556 اپنی مدعیت میں درج کرایا ، مقدمہ کے متن کے مطابق مدعی نے بتایا کہ میں واٹر بورڈ کے اینٹی تھیفٹ سیل میں تعینات ہوں ، 15 مئی کی شب سرکاری گاڑی مع اسٹاف گشت پر تھا اطلاع ملی کہ بنگالی موڑ پر گوہر ریزیڈنسی اسکیم 33 کے عقبی دیوار کے ساتھ 66 انچ کی لائن سے غیر قانونی کنکشن لیا جارہا ہے ، ہمارے وہاں پہنچنے پر ملزمان فرار ہوگئے ، مشاہدے میں آیا کہ وہاں 66 انچ کی لائن سے 4 انچ کا کنکشن لیا گیا تھا جسے آبادی کی طرف لے جانے کی کوشش کی گئی تھی ، غیر قانونی کنکشن کرنے والوں میں عابد اور شاہجہان اور تین نامعلوم چہرہ شناس تھے جنہیں مقدمے میں نامزد کیا جائے ۔
مقدمہ میں کہا گیا کہ جائے وقوعہ سے 4 انچ کا 12 سے 15 فٹ پائپ کےتین عدد پائپ بھی ملے جنہیں ثبوت کے طور پر قبضے میں لے لیا ہے ،