خیبر(نمائندہ امت ) ضلع خیبر لنڈیکوتل بازار میں بلدیاتی نمائندگان اور عوام نے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی۔ ریلی لنڈیکوتل تحصیل کمپاؤنڈ سے شروع ہوکر لنڈی کوتل بازار اور پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے پاکستان کے سبز ہلالی پرچم اٹھائے ہوئے تھے اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔ پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی میں سابق ایم پی اے شفیق شیر آفریدی، تحصیل چیئرمین شاہ خالد شینواری، سماجی کارکن محمد اسلام شینواری چئرمین حاجی شیر آفریدی اور دیگر بلدیاتی نمائندگان اور مشران نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونگے۔ریلی کے شرکاء نے 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہرے میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک ارمی اور انٹیلی جنس اداروں کی بہتر حکمت عملی سے ملک میں امن کا قیام ممکن ہوا اور ان کی قربانیوں کی وجہ سے ملک میں استحکام پیدا ہو گیا ہے اور انکی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ریلی کے شرکاء نے کہا کہ بیرونی عناصر پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشیں کررہے ہیں جس میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے، پاکستان قیامت تک سلامت رہے گا. انہوں نے کہا کہ عوام مشران پاک فوج ادارے سب ایک پیج پر ہیں ملک دشمن عناصر کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دینگے پاک ارمی دیگر سیکورٹی فورسز انٹیلیجنس اداروں کے ساتھ ہر موقع پر تعاون جارے رہے گا اور انکے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونگے۔ ریلی کے شرکاء نے پاک فوج زندہ باد پاک ارمی زندہ باد کے نعرے لگائے اور بعد میں ریلی پر امن طریقے سے اختتام پزیر ہوگئی۔