بچے کی پیدائش پر ماں اور والد کو چھٹی دینے کا بل منظور

اسلام آباد(امت نیوز)پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے انسانی اعضاء کی پیوند کاری ترمیمی بل2021ء کی منظوری دے دی، یہ بل ایم کیو ایم کی کشور زہرہ نے پیش کیا۔مشترکہ اجلاس نے بچے کی پیدائش پر ماں اور والد کو چھٹی دینے کا بل بھی منظور کر لیا، سینیٹر قرۃ العین مری نے میٹرنٹی اینڈ پیرٹنٹی بل پیش کیا، بل منظور ہونے کے بعد بچے کی پیدائش پر والد 30 دن کی پیڈ چھٹی لے سکیں گے۔میٹرینٹی بل کی منظوری کے بعد ماں کو پہلی پیدائش پر 6 ماہ، دوسری پر 4 جبکہ تیسری پر 3 ماہ کی چھٹی مل سکے گی، والد کو چھٹیاں سروس میں تین دفعہ میسر ہوں گی، قانون کا اطلاق اسلام آباد کی حدود میں نجی و سرکاری اداروں دونوں پر ہوگا۔اس کے علاوہ نجی و سرکاری سکولوں میں پیرامیڈیکل سٹاف کی سہولت سے متعلق بل منظور کر لیا گیا، مشترکہ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون کی درخواست پر والدین کے تحفظ بل کی منظوری موخر کر دی گئی۔