پی ٹی آئی کے احتجاج سے ٹرانسپورٹروں کو کروڑوں کا نقصان

پشاور(سٹاف رپورٹر)پشاور کے ٹرانسپورٹروں کو پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاجی مظاہروں اور سڑکوں کی بندش سے کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا جس پر انہوں نے حکومت سے ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں پبلک ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر خان زمان آفریدی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث اور توڑ پھوڑ کے خطرے کے پیش نظر پشاور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں گاڑیاں کھڑی رہی اور ٹرانسپورٹروں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے لیکن اس کے ازالے کیلئے صوبائی نگران حکومت، محکمہ ٹرانسپورٹ اور وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں لیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ کے پی کے ٹرانسپورٹرز حکومت کو سالانہ اربوں روپے ٹیکسز اور جرمانوں کی مد میں رقم ادا کرتے ہیں اور ان سے وصولیاں کی جاتی ہیں لیکن اس کے عوض کوئی تحفظ فراہم نہیں کیا جا رہا اور نہ ہی نقصانات کا معاوضہ دیا جاتا ہے جو افسوسناک ہے ۔ٹرانسپورٹرز رہنمائوں نے نگران حکومت، محکمہ ٹرانسپورٹ اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ تین دنوں میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگا کر ٹرانسپورٹروں کو معاوضہ دیا جائے تاکہ ان کی بے چینی دور ہو سکے ورنہ ان کی جانب سے سخت احتجاج کیا جائے گا۔