لاہور اسلام آباد: لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی 9 مئی کے بعد درج مقدمات میں گرفتاری روکنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میںچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے بعد درج مقدمات میں گرفتاری روکنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس صفدر سلیم شاہد نے درخواست پر سماعت کی ،عدالت نے عمران خان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
ادھرچیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی 2 کیسز میں ضمانت منظور کر لی گئی۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی اداروں میں بغاوت پر اکسانے اور اقدام قتل کے تحت درج مقدمات میں ضمانت منظور کی گئی۔ عدالت نے ضمانت میں 8 جون تک توسیع دی ہے۔
دوسری جانب عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کر لی گئی۔ ایڈووکیٹ جنرل نے دوران سماعت استدعا کی کہ سیکریٹری داخلہ کے خلاف توہین عدالت نوٹس واپس لیا جائے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کی بات درست ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ آ جائے پھر دیکھ لیں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت مئی کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی۔