قومی سلامتی اجلاس میں 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی شدید مذمت

اسلام آباد(امت نیوز)قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فوجی اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا اور اعلیٰ عسکری قیادت نے شرکت کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے نقصانات اور کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔اور9 مئی کے پرتشدد واقعات کی شدید مذمت کی گئی ۔ فیصلہ کیا گیا کہ فوجی اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

رپورٹس  کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کا کہناتھاکہ سیاسی مقاصد کی آڑ میں فوجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا، ملکی دفاع اور سلامتی کے اداروں پر حملے نا قابل قبول ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھاکہ سیاسی مقاصد کیلئے اداروں پر حملہ افسوسناک ہے، قومی حمیت کے حامل جناح ہاؤس کو آگ لگائی گئی، 75 سال میں جو دشمن نہ کر سکا وہ ایک سیاسی جماعت کے کارکنان نے کیا۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے پرتشدد واقعات پر تحمل کا مظاہرہ کیا جو قابل ستائش ہے، پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے۔