پاک فوج ہےتو ہم ہیں،شاہد خان آفریدی

کراچی(امت نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈرشاہد خان آفریدی نے نومئی کو ہونے والی توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کی سخت مذمت کی ہے

نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں مثبت بولنے پربھی بہت تنقید شروع ہوجاتی ہے،بدتمیزی ،گالم گلوچ کی وجہ سے کوشش یہی ہوتی ہے کہ ایک طرف ہوجاؤں  اورکوئی بات نہ بولوں،اخلاقیات کا دامن چھوڑ کر بدتمیزی کی وجہ سے میں نے کوئی بات نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ سمجھ نہیں آتا سیاست دان اس حقیقت کو کیوں نہیں مانتے کہ پاک فوج ہےتو ہم ہیں،ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ پاک فوج ہمارے لئے دن رات جاگتی ہے،پاک فوج کی اس ملک کے لئے بہت قربانیاں ہیں،فوج کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دینا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ ہم اپنے ملک کو خود ہی جلا دیتے ہیں خود ہی اس کے دشمن بن جاتے ہیں،ہم سب کو مان لینا چاہئے کہ پاک فوج ہی ہماری حقیقت ہے،پاک فوج کے جوانوں کے والدین اپنے بچوں کوہماری حفاظت کیلئے بھجواتے ہیں۔

سابق کپتان نے کہا کہ میں بہت قسمت والا ہوں اللہ نے مجھے آزاد ملک میں پیدا کیا ہے، میرے بچے مجھ سے سوال پوچھتے ہیں کہ بابا کیوں اس ملک میں آگ لگ رہی ہے ،لیکن بچوں کوجواب دینے کے لئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔

شاہدآفریدی نےکہا کہ یہ سمجھ نہیں آتا کہ ملک کی معیشت کا پہیہ چل کیوں نہیں سکتا،سیاست دان کا کام ہے وہ ملک کی ترقی اورخوشحالی کے لئے کام کرے۔