سانحہ 9مئی:جس نے جرم کیا وہ بچ نہیں سکے گا، وزیراعظم

اسلام آباد (امت  نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث گناہ گاروں کو قرار واقعی سزا ملے گی تو دوبارہ ایسا واقعہ نہیں ہو گا، جو بے گناہ ہو گا اسے کچھ نہیں کہا جائے گا، جس نے جرم کیا ہے وہ بچ نہیں سکے گا۔

قومی سلامتی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 9 مئی کو سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، ، ان افسوس ناک واقعات نے کروڑوں پاکستانیوں کو افسردہ کیا، تمام طبقات نے ان واقعات پر انتہائی غم وغصے کی صورتحال میں وقت گزارا، اس روز وطن سے والہانہ محبت کو نذر آتش کرنے کی کوشش کی گئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ جس گھر میں پاکستان کی حفاظت پر مامور سپوت تھے اسے جلایا گیا، واقعات سے ہمارے سرشرم سے جھک گئے، ایسی صورتحال پہلے کبھی نہیں دیکھی تھی، جن لوگوں نے منصوبہ بندی، لیڈ کیا، اکسایا ایسا دشمن بھی نہیں کر سکا، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، جناح ہاؤس عمارت نہیں بلکہ لہو سے عبارت گھر تھا

انہوں نے کہا ہے کہ جی ایچ کیو، میانوالی ایئربیس کا رخ کیا گیا، ایف سی اسکول پر تباہی کی گئی، ساری صورتحال کا جائزہ لینا ہو گا، پاکستان کے عوام افواج کے ساتھ مکمل وابستگی کا اظہار کرتے ہیں، اس مذموم حرکت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، جنہوں نے منصوبہ بندی، بلوائیوں کو اکسایا کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ شہدا کے مجسموں کو توڑا گیا، 72 گھنٹے کے اندر گرفتار کر کے مقدمات درج کیے جائیں گے، جو گناہ گار ہے ان کو قرار واقعی سزا ملے گی تو دوبارہ ایسا واقعہ نہیں ہو گا، جو بے گناہ ہو گا اسے کچھ نہیں کہا جائے گا، جس نے جرم کیا ہے وہ بچ نہیں سکے گا، وزیر اعظم بھی حکم دے توان واقعات کےمجرموں کونہ چھوڑا جائے۔