پشاور(امت نیوز)سی ٹی ڈی پشاور نے کالعدم تنظیم کے تین کارندوں کو گرفتار کرلیا ۔ملزمان بھتہ خور ی اور دہشت گردی کے سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔
سی ٹی ڈی خیبر کو خفیہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ چند دہشتگرد ضلع خیبر اور پشاورشہر کے سنگم پر کسی دہشت گردی کی کاروائی کی غرض سے داخل ہوئے ہیں ۔
اس پر سی ٹی ڈی کی آپریشن ٹیم نے ضلع خیبر سے پشاور شہر میں داخل ہونے والے ممکنہ راستوں پر ناکہ بندیاں کرکے رنگ روڈ نزدالحرم ٹاؤن لنک روڈ پشاور پر مقابلے کے بعد تین دہشت گردوں کو گرفتار کیا۔
دہشت گردوں کی شناخت محمد اعجاز، وصال خان اور محسن خان کے ناموں سے ہوئی، ملزمان کے قبضے سے 6 دستی بم، ایک ایس ایم جی بمعہ 22 گولیاں، میگزین اور دیگر اسلحہ سمیت تین موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں۔ کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد موقع سے فرار ہوگیا۔
گرفتار شدہ ملزمان، محکمہ انسداد دہشتگردی خیبر پختونخواہ کو سنگین نوعیت کے دہشت گردی اور بھتہ خوری کے مقدمات میں مطلوب تھے جس میں دہشتگرد اعجاز بالا سال 2022 سے بمطابق ریکارڈ مجرم اشتہاری تھا جبکہ وصال اور محسن حال ہی میں ہلاک شدہ دہشتگرد ستانہ جان عرف شیخ کے تنظیمی ساتھی ہیں اور سی ٹی ڈی کو دو علیحدہ مقدمات میں مطلوب تھے۔
گرفتارملزمان سے برآمدہ موبائل فونز سے بھتہ خوری کے نیٹ ورک کا پتہ چلا لیا گیا ہے جس سے اہم مقدمات کی تفتیش یکطرفہ کی جاسکے گی ملزمان سے مزید انکشافات کی توقع ہے۔