کراچی(امت نیوز)پی ٹی آئی سندھ کے صدر سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کی تردید کی ہے اور کہاہے کہ میری پی ٹی آئی چھوڑنے کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، مجھے کالے قانون ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا۔
ویڈیو پیغام میں علی زیدی نے کہا کہ میری والدہ کے گھر کو 30 دن کے لیے سب جیل قرار دے دیا گیا ہے، افسوس ہے کچھ دوست جال میں پھنس جاتے ہیں اور جھوٹی سازشی تھیوریوں میں فریق بھی بن جاتے ہیں۔
علی زیدی نے مزید کہا کہ نہیں چاہوں گا کہ جو اسیری کے دنوں میں مجھ پر گزری ہے وہ ان پر گزرے، میرے خلاف غلط معلومات پھیلانے کے لیے ایک منظم پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے، 15 اپریل سے 15 مئی تک میں نے زیادہ تر وقت حراست میں گزارا مجھے دو بار گرفتار کیا گیا تھا اور ابھی بھی گھر میں نظر بند ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم سب کو ساری توجہ پاکستان کو کرپٹ اور جرائم پیشہ افراد سے بچانے پر لگانی چاہیے، پی ٹی آئی اس وقت جمہوریت کی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے، اس وقت قانون اور آئین کی نہیں بلکہ کرمنلز کی حکمرانی ہے۔
علی زیدی نے کہا تمام مشکلات کے باوجود چیئرمین عمران خان کے ساتھ وفادار رہوں گا، زرداری، نواز اور فضل الرحمان زہریلے سانپ ہیں، پی ٹی آئی ان کے خلاف جنگ جاری رکھے گی۔