انہوں نے جس طرح کے ٹارگٹ سیٹ کیے ہیں میڈیا ہیڈ لائنز سے کھیل رہے ہیں، فائل فوٹو
انہوں نے جس طرح کے ٹارگٹ سیٹ کیے ہیں میڈیا ہیڈ لائنز سے کھیل رہے ہیں، فائل فوٹو

حملہ آوروں نے زمان پارک میں تربیت لی،راناثنااللہ کادعویٰ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللّٰہ نے دعویٰ کیا ہے کہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات کے حملہ آوروں نے عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں تربیت لی۔ عمران خان نے ان کی ایک سال تک تربیت کی اور فتنہ و فساد کے لیے تیار کیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ  50 سے 100 افرادکا تربیت یافتہ گروہ تھا۔ جناح ہاؤس میں داخل ہونے والے افراد کی شناخت ہوگئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آج اجلاس میں بتایا گیا کہ کتنے افراد کی شناخت اور کتنے گرفتار ہوچکے ہیں۔

راناثنااللہ کہنا تھا کہ  مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرنے سے پہلے خواتین کا گروہ حالات دیکھنے جاتا تھا۔ تنصیبات پر آگ لگانے والے افراد ٹریس ہوچکے ہیں، کسی مجرم کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میانوالی سمیت مختلف شہروں میں سرکاری، دفاعی تنصیبات پر حملوں میں افغان شہری بھی ملوث ہیں۔ تنصیبات پر حملے کرنے والے لوگوں کو اب نتائج بھگتنے پڑیں گے۔اربوں روپے کی پراپرٹیز کو نقصان پہنچایا گیا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ان کی ایک سال تک تربیت کی اور فتنہ و فساد کے لیے تیار کیا۔