پاکستان شاہینز اور زمبابوے سلیکٹ کے درمیان پہلا میچ آج کھیلا جائے گا۔

ہرارے (اُمت نیوز) زمبابوے کا دورہ کرنے والی پاکستان شاہینز اور زمبابوے سلیکٹ کے درمیان چھ ون ڈے میچوں کی سیریز آج بدھ سے شروع ہورہی ہے۔
سیریز کے تمام میچز ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے جو پچاس اوورز پر مشتمل ہونگے،پاکستان شاہینز محدود اوورز کے اس فارمیٹ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پرامید دکھائی دیتی ہے۔
اس سے قبل پاکستان شاہینز نے زمبابوے اے کے خلاف دونوں چار روزہ میچز جیت لیے تھے، پہلا میچ اس نے آٹھ وکٹوں سے اور دوسرا میچ 41 رنز سے جیتا تھا، پاکستان شاہینز میں کپتان عمران بٹ سمیت آٹھ کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں۔
ٹیم میں صائم ایوب کی بھی شمولیت ہوئی ہے جو 8 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں اور ان کے آنے سے ٹیم کی بیٹنگ لائن کو مزید تقویت ملے گی۔
واضح رہے کہ اس سیریز میں زمبابوے سلیکٹ ٹیم میں ان کے انٹرنیشنل کرکٹرز بھی شامل ہونگے تاکہ انہیں ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے تیاری میں مدد مل سکے۔