سابق صوبائی وزیر سمیت 9 افراد کی درخواست ضمانت دائر

ایبٹ آبادنمائندہ امت) 9 مئی کو سرکاری ونجی املاک کی توڑ پھوڑ اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے کے جرم میں گرفتار سابق صوبائی وزیر خوراک قلندر خان لودھی ،سٹی میئر ایبٹ آباد سردار شجاع نبی سمیت 9 افراد کی درخواست ضمانت ہائیکورٹ میں دائر کردی گئیں ہیں۔پشاور ہائی کورٹ کے ڈبل بنچ جسٹس کامران خان میاں خیل اور جسٹس شکیل احمد خان نے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد اور ڈی پی او ایبٹ آباد کو بھی نوٹسز جا ری کرکے آئندہ سماعت کی تاریخ 18 مئی مقرر کی ہے ۔ایبٹ آباد تھانہ کینٹ میں فوارہ چوک کو بند کرنے ،سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج مختلف دفعات کے تحت مقدمہ پر گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ایبٹ آباد پولیس نے تحصیل صدر نقیب اللہ خان جدون سمیت ویلج ناظم طاہر مغل کو مذید 6 کارکنان کے ساتھ گرفتار کیا ہے ۔ادھر ضلعی صدر قلندر خان لودھی سمیت دیگر گرفتار سابق ناظم نبیل خان ،احمد نواز ،تیمور خالد ،شہریار خان کی ضمانت کے لئے وکلا ء کی ٹیم کامران گل ایڈووکیٹ ،صفدر تنولی ،سردار بشارت ایڈووکیٹ نے ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت دائر کی ہے جس کے لئے آئندہ سماعت 18 مئی کو ہوگی ۔