واہ جنرل ہسپتال ٹیکسلا میں نشہ کے عادی افراد کابحالی مرکز قائم

 

راولپنڈی (امت نیوز)کمشنر روالپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر واہ جنرل ہسپتال ٹیکسلا میں پچاس بیڈز پر مشتمل نشہ کے عادی افرا کے مفت علاج معالجہ کے لئے پوٹھوہار ریہیب سنٹر Potohar Rehabilitation
Centre قائم کر دیاگیا ہے جہاں منشیات کے عادی افراد کے قیام و طعام کے ساتھ ساتھ محکمہ سوشل ویلفیئر کی پچاس لیڈی آفیسرز و سائیکالوجسٹ اور ہائر ایجوکیشن کے( ماہرین نفسیات روزانہ کی بنیاد پر زیر علاج منشیات کے عادی افراد کی سماجی و نفسیاتی (Phycho-social) کونسلنگ کرتے ہیں – یہ بات ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر راولپنڈی ڈویژن محمد شاہد رانا نے سوشل ویلفیئر کمپلیکس کے کیپسٹی بلڈنگ ٹریننگ سنٹر (سی بی ایل سی) میں منشیات کی روک تھام کے لئے منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بتائی – آگاہی سیمینار سے پوٹھوہارر یہب سنٹر(ٖPotohar Rehabilitation Centre)میں کونسلنگ سروسز مہیار کرنے والے سوشل ویلفیئر افسران نے بھی گفتگو کی اور منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجے کے حوالے سے دی جانے والی سہولیات اور ان کی کونسلنگ کے دوران پیش آنے والے مثبت تجربات سے آگاہ کیا -سیمینار میں محکمہ سوشل ویلفیئر افسران و اہلکاروںسمیت مقامی این جی اوز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی -سول سوسائٹی کے نمائندوں نے پوٹھوہارر یہب سنٹر کے قیام پر کمشنر راولپنڈی کے احسن اقدام کو سراہا اور اس سنٹر کے حوالے سے عوام الناس کو آگاہی دینے کا بھرپور عز م کیا – ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے اپنے خطاب میں مزیدبتایا کہ اس قسم کے آگاہی سیمینار ز راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع میں منعقد کئے جائیں گے -اس موقع پر بتایا گیا کہ پوٹھوار ریہیب سنٹر میں داخلہ کی کوئی فیس نہیں – ایم ایس واہ جنرل ہسپتال سے رابطہ کر کے بلامعاوضہ علاج معالجہ کی سہولت حاصل کی جاسکتی ہے اور داخلہ مل سکتا ہے –