راولپنڈی (اُمت نیوز) اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش ختم ہوگئی، قیدیوں کو دیگر جیلوں میں منتقل کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کی دیگر جیلوں کی طرح راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بھی قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش نہیں ہے مزید گرفتار لوگوں کو دیگر جیلوں میں منتقل کیا جائے گا۔
اس حوالے سے جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار مزید افراد کو اٹک، جہلم کی جیلوں میں منتقل کیا جائے گا، اڈیالہ جیل میں پہلے ہی گنجائش سے3گنا زائد قیدی موجود ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 9مئی کے واقعے کے بعد گرفتار ہونے والے افراد کی بڑی تعداد جیل منتقل کی گئی ہے، جیل حکام نے صورتحال سے وفاق اور پنجاب حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر کے دیگر اضلاع کی جیلیں قیدیوں سے بھر گئی ہیں، پنجاب کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع کی جیلوں میں 36ہزار قیدیوں کی گنجائش ہے جبکہ جیلوں میں 53ہزار قیدی بند ہیں، پنجاب کی جیلوں میں 45فیصد زائد قیدی بند ہیں۔