پاکستان متحدہ امریکا کی غلام ریاست نہیں، رضا ربانی

اسلام آباد (امت نیوز) سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت پر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کو شدید تنقید کا نشانہ بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کی سیاسی صورتحال پر روزانہ تبصرہ کرنا اپنی عادت بنالی ہے، امریکی محکمہ خارجہ کو یہ یاد دلانے کی ضرورت ہے کہ پاکستان ایک ریاست نہیں ہے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان متحدہ امریکا کی غلام ریاست نہیں ہے، امریکی محکمہ خارجہ کے تبصروں کی ہر طرح سے مذمت کی جاتی ہے، پاکستان ایک آزاد خودمختار ملک ہے، پاکستان کسی بھی ریاست کی رہنمائی یا تبصرے کے بغیر اپنے اندرونی عدم استحکام سے نمٹ سکتا ہے۔

ان  کا کہنا تھا کہ اندرونی عدم استحکام اور سیاسی بدامنی کا مقابلہ آئین اور قانون کے چاروں کونوں میں ہو رہا ہے اور کیا جائے گا، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ بیانات پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے، دنیا کے دیگر ممالک کے بیانات بھی پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے، مغربی دنیا کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ پاکستان نو آبادیاتی نظام کو قبول نہیں کرے گا۔

سابق چئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان توقع کرتا ہے کہ ایسے ممالک مستقبل میں ایسے بیانات دینے سے گریز کریں گے۔