سیاسی اختلافات کومذاکرات کے ذریعے حل کیاجائے،اعلامیہ قومی سلامتی کمیٹی

اسلام آباد(امت نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت مسلح افواج کے سربراہان، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان، وزیراعلیٰ پنجاب سیّد محسن نقوی کے علاوہ اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں اعادہ کیا  گیا کہ ملک میں تشدد اور شرپسندی کسی صورت برداشت نہ کرتے ہوئے ”زیرو ٹالرنس“ کی پالیسی اپنائی جائے گی۔

شرکاءنے ذاتی مفادات اور سیاسی فائدے کے حصول کے لئے جلائوگھیرائواور فوجی تنصیبات پر حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ شرکاءنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فوجی تنصیبات اور عوامی املاک کی حرمت و وقار کی خلاف ورزی قطعی برداشت نہیں کی جائے گی اور 9 مئی کے سانحہ میں ملوث تمام عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اجلاس نے 9 مئی کا دن قو می سطح پر یوم سیاہ کے طورپر منانے کا اعلان کیا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے شرکاءنے پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔