راجن پور(امت نیوز) جنوبی پنجاب کے شہر راجن پور میں پرانی دشمنی کی بنا پر ایک ہی خاندان کے چار افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور فرار ہو نے میں کامیاب ۔ مقتولین میں ایک شخص، اس کے دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ واقعہ راجن پور کے علاقے کوٹہ قائم میں صدر تھانے کی حدود میں پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ قتل پرانے قتل کا بدلہ معلوم ہوتا ہے۔ پولیس نے لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال بھجوا دیا ہے جبکہ خوفناک واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے راجن پور میں ہونے والے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پی نے ڈی پی او راجن پور کو ملزمان کی جلد گرفتاری کے لیے فوری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام کو متاثرہ خاندان کو ترجیحی بنیادوں پر انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔