پنجاب کی نگران حکومت غیر سیاسی اور غیر جانبدار ہے، فائل فوٹو
پنجاب کی نگران حکومت غیر سیاسی اور غیر جانبدار ہے، فائل فوٹو

فوجی تنصیبات پر حملہ، 30 سے40 دہشت گرد زمان پارک میں موجود

لاہور:  نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنیوالے 30 سے 40 دہشت گرد زمان پارک میں موجود ہیں، تحریک انصاف کو حوالگی کیلیے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق نگران وزیر اطلاعات پنجاب کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا ہے کہ شرپسندوں کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں ہو گا۔795 حملہ آوروں کی شناخت کر لی گئی۔ تحریک انصاف کو پیغام دیا ہے کہ آرمی تنصیبات پر حملے میں ملوث 30 سے 40 دہشت گرد زمان پارک میں موجود ہیں، تحریک انصاف کو حوالگی کیلیے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہیں، ورنہ  وہ کریں گے جو قانون کہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف غیر ریاستی عنصر کا روپ دھار چکی ہے۔ عمران خان نے گرفتاری سے قبل ویڈیو بیان میں دھمکی دی، بعد میں گرفتار ہوئے تو عمران خان نے اپنی دھمکیوں کو عملی شکل دی۔ لوگوں کو فوجی تنصیبات پر حملے کیلیے اکسایا گیا، عمران خان کی گرفتاری کو ایسے پیش کیا گیا کہ ان کیلیے کوئی قانون نہیں۔ عمران خان مسلسل فوج اور اس کی قیادت کیخلاف ہرزہ سرائی کر رہے تھے۔