لاہور(امت نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تقاریر کو ٹی وی چینلز پر نشر کرنے کا حکم دینے کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے سابق وزیراعظم عمران خان کی تقاریر اور بیانات نشر کرنے پر پابندی کے حکم کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔
عمران خان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت نے پیمرا کی پابندی کا نوٹیفکیشن معطل کر رکھا ہے، اس کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی کے بیانات اور تقاریر کو نشر نہیں کیا جا رہا۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ عمران خان کی تقاریر اور بیانات نشر نہ کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، پیمرا کی جانب سے ٹی وی چینلز کو عمران خان کی تقاریر نشر نہ کرنے کیلئے پریشرائز کیا جا رہا ہے۔