اسلام آباد: امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے پانامہ کیس میں نواز شریف کیخلاف فیصلے سے متعلق اہم انکشاف کر دیا۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران سراج الحق نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے پاناما لیکس میں نواز شریف کا نام شامل ہونے پر فیصلہ نہیں دیا نواز شریف کیخلاف فیصلہ کسی اور وجہ سے دیا گیا۔بااثراوراشرافیہ کے نام پانامہ لیکس میں تھے، سپریم کورٹ ابھی تک ان پر خاموش ہے۔
سراج الحق نے مولانا ہدایت الرحمٰن کی ضمانت پر سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی دہلیز پر ہمیں انصاف ملا ہے، چاہتے ہیں کہ پاکستان میں محمود و ایاز ایک ہی صف میں ہوں، پاناما کیس میں ہماری درخواست کسی ایک فرد کے خلاف نہیں تھی، پاناما لیکس میں 436 افراد شامل تھے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان نے کہا کہ پنڈورا لیکس پر بھی سپریم کورٹ نے کوئی ایکشن نہیں لیا، توشہ خانہ کیس میں بھی بڑے نام سامنے آئے، نیب، ایف آئی اے اور عدالتیں ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکے۔