کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ پروفيسرز اينڈ ليکچررز ايسوسی ايشن (سپلا) نے پی ای سی ایچ ایس فاؤنڈیشن کالج کی این جی او کو حوالگی کی مخالفت کردی ۔ سپلا رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سندھ کے کالجز لوٹ کا مال نہیں جو کسی این جی او یا پرائیویٹ ادارے کے حوالے کر دیا جائے،گورنمنٹ پی ای سی ایچ ایس فاؤنڈیشن کالج کسی کو گود لینے نہیں دیں گے۔
سندھ پروفيسرز اينڈ ليکچررز ايسوسی ايشن کے مرکزی صدر منور عباس، مرکزی سيکريٹری جنرل پروفيسر شاھاہجہاں پنھور ودیگر نے مشترکہ بیان میں کہا کہ سندھ کے سرکاری کالجز غریب بچوں کی امانت ہیں۔ اس قدر مہنگائی میں غریب اور متوسط طبقے کے بچوں کے لیے حصولِ علم کا واحد آسرا سرکاری کالجز ہیں۔ لہذا سندھ بھر کے سرکاری کالجز میں سے کسی ایک کالج کو بھی کسی پرائیویٹ ادارے یا این جی او کے حوالے کرنے نہیں دیں گے۔
سپلا کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ سندھ کوئی لوٹ کا مال نہیں کہ جس کا جی چاہے کوئی بھی سرکاری ادارہ کسی پرائیویٹ پارٹی کے سپرد کردے۔
سپلا کے رہنماؤں کاکہناتھاکہ اطلاعات کے مطابق گورنمنٹ پی ای سی ایچ ایس فاؤنڈیشن کالج کو کسی پرائیویٹ ادارے کے حوالے کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ جس کو ہم مسترد کرتے ہیں۔ سپلا کے رہنماؤں نے کہا کہ اگر ایسا کیا گیا تو سندھ بھر کے کالج اساتذہ سخت احتجاج کریں گے، لہذا حکومت سندھ ایسی کسی بھی تعلیم دشمن پالیسی کو اختیار نہ کرے، جس میں تعلیمی اداروں کو بہتر بنانے کے بجائے ان اداروں کو کسی کی خواہش یا خوشنودی کے لیے پرائیوٹ کمپنی کے سپرد کردیا جائے۔