مظفر آباد(امت نیوز)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کی زیرصدرت محکمہ انرجی اینڈ واٹرریسورسز کا اعلیٰ سطح اجلاس وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ہوا۔ اجلاس میں سینئر موسٹ وزیرکرنل (ر) وقار احمد نور، وزیرحکومت فیصل ممتاز راٹھور، چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ، پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی، سیکرٹری انرجی اینڈ واٹر ریسورسز چوہدری محمد طیب،سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات محمد ادریس عباسی ودیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری انرجی اینڈ واٹر ریسورسز نے وزیراعظم کو محکمہ برقیات کے بنیادی ڈھانچے اورپاور جنریشن بارے بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری دفاتر،کاروباری مراکز اورگھروں میں بجلی کے میٹرکی تنصیب یقینی بنائی جائے۔ سرکاری دفاتر بشمول میرے دفتر کے لیے بجلی کے یونٹس کے استعمال کی حد مقرر کی جائے،نو لیمٹ نو چیک کاکوئی جواز نہیں۔ نیٹ میٹرنگ کو فروغ دیا جائے، پری پیڈ میٹرنگ کا آغاز وزیراعظم سیکرٹریٹ سے کیا جائے۔ آزادکشمیر بھر میں لگے تمام ٹرانسفارمز کی تفصیل 14روز میں مہیا کی جائے۔وزیر اعظم چوہدری انوارالحق نے کہاکہ آزادکشمیر الیکٹر ک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے اور آئندہ دس روز میں رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی کہ تین روز میں پاور ڈسٹری بیوشن کے حوالہ سے پی سی ون مرتب کیا جائے،اگر محکمہ برقیات خود سات روپے فی یونٹ سے کم بجلی خرید کر صارفین کو دے سکتا ہے تو پھر پلان لے کر آئیں، محکمہ اپنی استعداد کو بڑھائے۔ وزیراعظم آزادکشمیر کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری انرجی اینڈ واٹر ریسورسز نے بتایاکہ سرگن میں ڈھائی میگا واٹ کا منصوبہ جو کہ فنگشنل ہے ڈسٹری بیوشن نہ ہونے کی وجہ سے اس پراجیکٹ سے پوری بجلی استعمال نہیں ہورہی جس پر وزیراعظم نے ہدایت کہ جلد از جلد اس حوالے سے پلان بنا کر پیش کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے جنگلات کے کٹاو پر پابندی لگا رکھی ہے، عوام الناس کو لکڑی کے ایندھن کے متبادل کے طور پر بجلی ہی فراہم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بجلی کی ڈسٹری بیشن کے حوالے سے پرائیویٹ کمپنیوں کے ساتھ میٹنگ کی جائے، سازگار ماحول کی حکومت گارنٹی دے گی، سب سے پہلے مظفرآباد ڈویژن میں اسے ٹیسٹ کیا جائے اگر یہ تجربہ کامیاب ہوتا ہے تو اسے پورے آزادکشمیر تک لے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ قانون کا نفاذ طاقتور سے ہوگا، ساؤتھ ریجن میں میٹرز کی تنصیب کے حوالے سے رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ بجلی چوری کا خاتمہ کیا جائے اور یہ سلسلہ میرے حلقے سے شروع کیا جائے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی کہ ایم ڈی پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی آسامی پر تقرری کیلئے اشتہار دیا جائے اور اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل پروفیشنل شخص کو تعینات کیا جائے۔