اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر)خود کو سپریم کورٹ کے جج کا پرسنل سٹاف اورڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ظاہر کرنے اور سکالرشپ کے نام پر رقوم بٹورنے والے ملزم بلالشعیب کوگرفتار کر لیا گیا، تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے خود کو سپریم کورٹ کے جج کا پرسنل سٹاف ظاہر کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا،ملزم نے خود کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ظاہر کرتے ہوئے شہری سے 21 لاکھ روپے وصول کئے،ترجمان نے بتایا کہ ملزم نے مذکورہ رقم سرکاری نوکری کا جھانسہ دے کر وصول کی اور اس نے پاکستان لٹریسی کونسل کے نام پر جعلی ادارہ بنایا ہوا تھا،ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم نے متعدد شہریوں سے جعلی ادارے میں ملازمت کے نام پر پیسے وصول کئے ہوئے تھے اور جعلی سکالرشپ بھی متعارف کروائی ہوئی تھی جس سے اس نے مختلف طالبات سے سکالرشپ کے نام پر بھی پیسے وصول کئے، ملزم کے قبضے سے پمفلٹس، ڈائریز، فائلیں اور متعدد مہریں برآمد کر لی گئی ہیں، ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے فلیگ اور متعدد جعلی سروس بکس، ڈومیسائل اور جعلی سکالرشپ فارم بھی برآمد کر لئے گئے ہیں، ملزم ملازمت کے اشتہارات انٹرنیٹ اور پنجاب کے مختلف لوکل اخباروں میں دیتا تھا اور واٹس ایپ کے ذریعے شہریوں سے رابطہ کر کے پیسے وصول کرتا تھا۔ابتدائی تفتیش کے مطایق ملزم نے پورے پاکستان میں مختلف شہریوں سے رقم وصول کی، ملزم مختلف اداروں کے سربراہ کے طور پر بھی خود کو ظاہر کرتا تھا،ملزم بلال شعیب کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے جس کے راولپنڈی کے تھانوں میں بھی رپورٹ درج تھیں،ملزم نے نوکری دلوانے کے نام پر ایگریمنٹ بھی کر رکھے تھے اور رقم وصول کرنے کے بعد جعلی آفر لیٹر جاری کر دیتا تھا،ملزم گزشتہ ایک سال سے روپوش تھا اور گرفتاری خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی، مزید تفتیش جاری ہے۔