پاک فضائیہ کے سربراہ سے اماراتی سفیرکی ملاقات

اسلام آباد(اُمت نیوز)اسلام آباد میں متعیّن متحدہ عرب امارات کے سفیر حمدعبیدالزعابی نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیراحمد بابرسدھو سے ملاقات کی اور ان سے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور اورتازہ علاقائی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں ایئرچیف مارشل نے اماراتی سفیر کوپاکستان کی فضائی افواج کوجدید خطوط پر استوار کرنے کے اپنے ویژن سے آگاہ کیا جس میں اتحادی ممالک سے اسمارٹ ٹیکنالوجیز کے حصول اورانفراسٹرکچر کی توسیع کے ساتھ ساتھ آپریشنل و تربیتی شعبوں کی ازسرنو تشکیل کے منصوبے شامل ہیں۔
انھوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتے استوار ہیں اور یہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا مظہرہیں۔انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون،تزویراتی اتحاداورتربیتی شعبے میں پہلے سے موجود تعلقات کو فروغ دینے کےعزم کا اعادہ کیا۔
فضائیہ کے سربراہ نےدونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئےکہاکہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔دونوں ممالک کے مابین علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

 


اماراتی سفیر نے پاک فضائیہ کی خاص طور پر خود انحصاری کے میدان میں غیرمعمولی پیش رفت کو سراہا اور فضائیی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔انھوں نے موجودہ دوطرفہ عسکری تعلقات کو ہرسطح پر فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ تربیتی شعبے، نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ہوا بازی کی صنعت میں باہمی تعاون کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کااظہارکیا۔
ترجمان نے کہا کہ پاک فضائیہ کے سربراہ اور متحدہ عرب امارات کے سفیر کے درمیان یہ ملاقات دونوں ممالک کے مابین گہری دوستی کے ساتھ ساتھ پرامن اور مستحکم خطے کے لیے مل کر کام کرنے کے ایک غیرمتزلزل عزم کا مُنھ بولتا ثبوت بھی ہے۔