دہشتگردوں کی موجودگی، زمان پارک کی تلاشی آج ہو گی
جمعہ 19 مئی 2023, 8:11 صبح
اہم خبریں
لاہور(امت نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے گھر زمان پارک میں موجود دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے حکومتی وفد آج زمان پارک جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نگراں وزیر اطلاعات عامر میر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ عسکری تنصیبات پر حملہ کرنے والوں میں سے 30 سے 40 لوگ زمان پارک میں موجود ہیں جنہیں 24 گھنٹے کے اندر پولیس کے حوالے کردیا جائے بصورت دیگر زمان پارک پر آپریشن کرکے انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔
اس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئر عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ میرے لیے بھی فائدہ مند بات ہے، اگر آپ نے زمان پارک میں آنا ہے، تو سرچ وارنٹ لیکر آئیں۔
دوسری طرف پنجاب حکومت کی جانب سے زمان پارک میں موجود افراد کی گرفتاری کے لیے 24 گھنٹے کی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی، اب زمان پارک جانے والے تمام راستے بند ہیں۔
پولیس نے رکاوٹیں لگا کر دھرم پورہ پل کو بھی بند کر دیا گیا اور دھرمپورہ پل پل پولیس کی بھاری نفری پہنچ چکی ہے۔ راستے بند ہونے کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اُدھر کورکمانڈر ہاؤس پر حملے ميں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے کمشنر لاہور کی سربراہی میں خصوصی ٹیم پی ٹی آئی حکام سے مذاکرات کرنے آج زمان پارک پہنچے گی۔