محراب پور( نمائندہ امت)سفاک شوہر نے بیوی کو قینچی کے وار کرکے بیدردی سے قتل کردیا، ملزم نے پولیس کو گرفتاری دے دی۔تفصیلات کے مطابق محراب پور کے نوناری محلہ میں ذوالفقار عرف وکیل نوناری نے اپنی 35 سالہ بیوی پانچ بچوں کی ماں نسیم نوناری کو بیدری سے قینچی کے پے در پے وار کرکے قتل کردیا اور آلہ قتل سمیت محراب پور تھانے میں گرفتاری پیش کردی ۔
قتل کی اطلاع پر محراب پور پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر تعلقہ اسپتال محراب پور پہنچایا، جہاں لیڈی ڈاکٹر کی عدم موجودگی کے باعث لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے کنڈیارو لیجایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔
ایس ایس ایچ او محراب پور میر امداد ٹالپر نے صحافیوں کو بتایا کہ ملزم نے گھریلو جھگڑے پر طیش میں آکر بیوی کو قتل کیا ہے، ملزم کا کہنا پے بیوی سے لڑائی میں ہوش و حواس کھو بیٹھا، اپنے کیے پر نادم ہوں۔