لاہور:عمران خان کے گھر پر چھاپے اور تلاشی کیلیے سرچ وارنٹ جاری کر دیے گئے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں چھاپے کیلیے پولیس نے سرچ وارنٹ حاصل کرلیے ہیں۔ گھر کے اندرونی اور بیرونی حصوں میں سرچنگ کی جائے گی۔ تلاشی کیلیے ایس پی سمیت دیگر افسران کے علاوہ خواتین اہلکار بھی ساتھ ہوں گی۔
دہشت گردوں کی تلاشی کیلیے جانیوالی ٹیم کی سربراہی کمشنر لاہور ڈویژن کریں گے، پولیس کی سرچ ٹیم آج عمران خان کے گھر کی تلاشی لیں گے۔
پنجاب حکومت نے عمران خان کے گھر 400 پولیس اہلکار بھجوانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ نگران وزیر اطلاعات عامر میر کے مطابق 40 دہشت گرد عمران خان کے گھر چھپے ہوئے ہیں، ایک دہشت گرد کو پکڑنے کیلیے 4 پولیس اہلکاروں کو بھیجا جائے گا۔ تلاشی کی نگرانی کیلیے خصوصی کیمروں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
عمران خان کے گھرکی سیکیورٹی پنجاب پولیس نے سنبھال لی
دوسری جانب پنجاب پولیس کے باوردی اہلکاروں نے عمران خان کے گھر کی سیکیورٹی سنبھال لی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے گھرکے باہر 30 سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں۔
کمشنر لاہورکی سربراہی میں مذاکرات کیلیے وفد عمران خان کے گھر پہنچے گا۔ مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں تلاشی کیلیے 400 پولیس اہلکار حصہ لیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ عمران خان کے گھر کا سرچ آپریشن میڈیا نمائندگان کی موجودگی میں مکمل کیا جائے گا۔