پشاور میں ریڈیو پاکستان کا مرکزی گیٹ توڑنے والامبینہ ملزم گرفتارکرلیا گیا۔
پشاور پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ریڈیو پاکستان پشاور پر حملے کے بیشتر ملزمان کو شناخت کے بعد گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریڈیو پاکستان پشاور کا مرکزی گیٹ توڑنے والا ملزم بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ اس کا ساتھی پہلے ہی پولیس کی حراست میں ہے۔
حکام نے بتایا کہ محمدعمر نامی ملزم نے عمارت کا گیٹ توڑا اور ساتھ لے گیا اور بعد میں فروخت کر دیا، گیٹ ہشت نگری میں کباڑ کی دکان پر9 ہزارروپے میں فروخت کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کی گئی تو اس نے اعتراف کیا اور اسی کی نشاندہی پر ریڈیوپاکستان کا مرکزی گیٹ برآمد کر لیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق ریڈیو پاکستان کے مرکزی دروازے پر دھاوا بولنے والے دیگر ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے، اور انہیں بھی بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔