ٹانک بھرے بازار میں پولیس وین پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے دستی بم سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 20 افراد زخمی جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
ڈی پی او ٹانک وقاراحمد کے مطابق ٹانک بنوں روڈ پر موٹر سائیکل سواروں نے پولیس وین پر دستی بم پھینکا جس سے موقع پر تین پولیس اہلکارزخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ سے 18 شہری بھی زخمی ہوگئے، جس میں سے ایک شہری کو ڈیرہ اسماعیل خان اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ دیا۔
ڈی پی او نے بتایا کہ حملہ آوروں کا پیچھا کیا جارہا ہے اور جلد ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔ حملے کے فوری بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
تمام زخمیوں کو ریسکیو 1122 نے ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹانک منتقل کردیا گیا ہے جہاں پر انہیں طبی امداد دی جارہی ہے بعض زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ناکافی طبی سہولیات کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیاگیا ۔
لکی مروت، مخالف گروپوں میں فائرنگ، 2 افراد جاں بحق
لکی مروت کے قریب احمد خیل میں مخالف گروپوں میں فائرنگ کے نیتجے میں 4 افراد گولیاں لگنے سے لہولہان ہو گئے جن میں سے 2 دم توڑ گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق لکی مروت کے قریب پیش آنے والے واقعے میں دونوں گروپوں کے افراد تلخ کلامی کے بعد بندوقیں نکال لائے، زبان کی بجائے گولیاں چلیں تو 4 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
بتایا گیا ہے کہ 2 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ دیگر 2 زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔