وزیراعلی پنجاب کا زمان پارک کے باہر پولیس کی ناکہ بندی ختم کرنے کا حکم

لاہور(اُمت نیوز) وزیراعلی پنجاب نے زمان پارک کے باہر پولیس کی ناکہ بندی ختم کرنے کا حکم دے دیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جوں ہی وعدے کے مطابق زمان پارک انتظامیہ زمان پارک میں تجاوزات ختم کرے گی پولیس ناکہ بھی ختم ہوگا، ضلعی انتظامیہ زمان پارک کو اصل شکل میں فوری بحال کرے، زمان پارک کے رہائشی پہلے ہی بہت مشکلات برداشت کرچکے ہیں۔ قبل ازیں کمشنر لاہور کی سربراہی میں پولیس اور دیگر سرکاری افسران پر مشتمل ٹیم زمان پارک میں داخل ہوئی اور عمران خان کے وکلا کو وارنٹ دکھائے۔ حکومتی ٹیم میں ڈی سی او لاہور رافعہ حیدر، ڈی آئی جی آپریشنز صادق علی ڈوگر اور ایس ایس پی صہیب اشرف موجود تھے۔ کمشنر لاہور محمد علی رھاندوا پوکیس افسران کے ہمراہ عمران خان کی رہائش گاہ میں داخل ہوئے۔ دونوں فریقین کے درمیان بات چیت اچھے ماحول میں تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی جس کے بعد کمشنر لاہور عمران خان کی رہائش گاہ سے باہر آئے اور آپریشن سے متعلق کسی بھی قسم کے سوال کا جواب دیے بغیر روانہ ہوگئے۔