عمران نیازی کے دن گنے جا چکے،جیل جانا ہوگا، عطا تارڑ

گوجرانوالہ(اُمت نیوز)گوجرانوالہ میں استحکام پاکستان ریلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہاکہ آج کی ریلی کا مقصد اپنی بہادر افواج سے اظہار یکجہتی ہے،اتنی کامیاب ریلی آج تک نہیں دیکھی،ان کاکہناتھا کہ عمران خان کی گرفتاری پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے جلاؤ گھیراؤ کیا ، جناح ہاؤس اور جی ایچ کیو سمیت سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا، یہ سوچا سمجھا منصوبہ تھا نیازی جھوٹ بولتا ہے ۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ کاکہناہے کہ 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤاور توڑ پھوڑ کرنیوالوں کیخلاف دہشتگردی کے پرچے کاٹے جائیں گے اور آرمی ایکٹ کے تحت بھی مقدمے چلیں گے،عمران نیازی کے دن گنے جا چکے ،عمران خان کو عوام کا سامنا بھی کرنا پڑے گا اور جیل بھی جانا پڑے گا۔
عطا تارڑ نے کہاکہ کینٹ پر لوگوں کو اکٹھا کیا گیا کس نے کہا تھا کینٹ پر حملہ کرو،کیپٹن شیر خان شہید کی بہادری کا دشمن بھی گرویدہ تھے،دشمن کی سند کے اوپر چور ڈاکو عمران نیازی کی خاطر ان کے مجسمے کی توہین کی گئی ،چاغی کے ماڈل کو بھی تباہ کر دیا گیا اور یہ عمران خان کی سوچی سمجھی منصوبہ بندی تھی،ان کاکہناتھا کہ جو دشمن نہ کر سکا وہ عمران خان نے اپنی کرپشن کو چھپانے کیلئے کر دیا،آپ کے ورکر کو گرفتار نہ کریں تو کیا ان کو پھولوں کے ہار پہنائیں ،ایم ایم عالم کے جہاز تک کو نہیں بخشا گیا۔
معاون خصوصی نے کہاکہ مراد سعید کی ویڈیو دیکھیں شہریار آفریدی کی بات سنیں،کیپٹن شیر خان شہید کے مجسمے کی توہین کی گئی ،ان کاکہناتھا کہ لوگوں کو کہتا ہے امریکی سازش ہے آج اپنی فوج پر حملہ کر کے امریکہ کو کہتا ہے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔