سیاسی مفاد کی خاطر نوجوانوں کے ذہن کو بارود خانہ بنایا گیا، مریم نواز

لاہور( اُمت نیوز)مریم نواز نے کہا ہے کہ سیاسی مفاد کی خاطر خواتین اور نوجوانوں کے ذہن کو بارود خانہ بنایا گیا، خواتین اور نوجوان معاشرے کو اچھی قدروں سے ہم کنار کرنے میں قومی کردار ادا کریں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف سے تنظیمی عہدیداروں نے ملاقات کی۔ پارٹی کے شعبہ خواتین، لاہور کی رہنما سعدیہ تیمور اور اقلیتی ونگ کے راہنماکامران بھٹی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں پارٹی کی تنظیم سازی اور اس میں پیش رفت کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز شریف نے خواتین اور اقلیتی شعبوں کی کارکردگی کو سراہا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے، خواتین معاشرے کی نصف آبادی ہیں، وسائل اور اختیارات میں بھی نصف حصہ ملنا چاہیے، تحریک پاکستان سے لے کر ہر سیاسی تحریک میں خواتین نے نمایاں کردار اد اکیا، خواتین اور نوجوانوں کی نمائندگی میں بتدریج اضافہ کر رہے ہیں، مزید بڑھائیں گے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ بیٹوں کی طرح بیٹیوں کو پڑھانا اسلام کی تلقین ہے، حقوق اور وسائل میں امتیاز ختم کرنا ہے، خواتین اور اقلیتیں معاشرے میں استحصال کا زیادہ نشانہ بنتے ہیں، اسے ختم کریں گے، آئین کے تحت غیرمسلم پاکستانی یکساں حقوق رکھتے ہیں، امتیاز برتنا آئین شکنی ہے، غیر مسلم پاکستانیوں کی فلاح وبہود کے لئے جامع حکمت عملی پر کام کریں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملک سے سیاسی انتشار، نفرتوں اور تشدد کی سوچ ختم کرنے میں خواتین اور اقلیتوں کو بھرپور کردار ادا کرنا ہے، خواتین بطور ماں، بہن، بیٹی خاص طور پر نوجوان نسل کی سوچ بدلنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، وطن کی تعمیر، ادب اور اتحاد کی سوچ پروان چڑھا سکتی ہیں۔
رہنما نے کہا کہ بارود بونے سے معاشرے اور اقوام تباہ ہوتے ہیں، مسلمانوں اور غیرمسلموں کے اتحاد سے پاکستان بنا تھا، پاکستان میں نفرتیں پھیلانے، تشدد پر اکسانے، حملے، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والے دشمن کے ایجنٹ ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے پارٹی شعبہ جات کو متحرک اورتنظیم نو شروع کرنے پر مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔