وزیراعلیٰ سندھ سے یواے ای کی سفیرکی ملاقات

کراچی (اسٹاف رپورٹر )وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے متحدہ عرب امارات کے سفیرحماد عبید ابراہیم الزابی نے اماراتی کونسل جنرل بخیت عتیق الرومیتی کے ہمراہ ملاقات کی ۔

وزیراعلی ہاؤس میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط تر کرنے اور پاک یو اے ای تجارت کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔

ہفتہ کے روز متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی اماراتی کونسل جنرل بخیت عتیق الرومیتی کے ہمراہ وزیراعلی ہاؤس پہنچے جہاں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے معزز مہمانوں کا گرم جوشی سے استقبال کیا ۔اماراتی سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات سندھ سمیت پاکستان بھر میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ پاکستانی بھائیوں کی مدد و مکمل بحالی کیلئے پر عزم ہے اور اماراتی حکومت کے احکامات پر امدادی ٹیمیں شب و روز متاثرین کیلئے کام کررہی ہیں،

انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو مزید بتایا کہ  یو اے ای حکومت سندھ بھر میں سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر میں سندھ حکومت کی مددبھی کرے گی۔

وزیر اعلی سندھ نے اماراتی سفیر کی پرخلوص پیشکش پر اماراتی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور بات چیت کے دوران دونوں جانب سے متاثرین کی بحالی کیلئے گھروں کی تعمیر کے حوالے سے تیار کیئے جانے والے منصوبے کو بہت جلد حتمی شکل دیئے جانے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔ اماراتی سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے وزیر اعلی سندھ کو بتایا کہ یواے ای کے صنعتکار پاکستان، باالخصوص سندھ میں سرمایہ کاری میں بھی گہری دلچسپی رکھتے ہیں، اور بہت جلد اس ضمن میں جاری بات چیت کو عملی شکل دے دی جائے گی۔اس موقع پراماراتی قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ  اماراتی حکومت اور یو اے ای ہلال احمر شب و روز سندھ سمیت پاکستان بھر میں سیلاب متاثرین کی امداد میں مصروف عمل ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اماراتی حکومت کے احکامات پر پاکستانی بھائیوں کی ہر ممکن مدد کی جارہی ہے ، جو کہ متاثرین کی مکمل بحالی تک جاری رہی گی

وزیراعلیٰ سندھ نے معزز مہمانوں کو یاد دلایا کہ ، پاک یو اے ای برادرانہ تعلقات کی ایک خوشگوار تاریخ ہے،متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کے تعلقات شہید ذوالفقار علی بھٹو کے زمانے سے ہی مثالی ہیں۔اس موقع پر اماراتی قونصل جنرل کراچی نے وزیر اعلیٰ سندھ کو اپنے صاحبزادے حمد بخیت الرومیتی کی شادی کا دعوت نامہ بھی دیا۔وزیر اعلی سندھ نے اماراتی سفیر و کاؤنسل جنرل کی آمد اور پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کو مذید مضبطوط کرنے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ۔