9 مئی کو جو ہوا ، اچھا نہیں ہوا، مصباح الحق

لاہور(اسپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ  9 مئی کو جو بھی ہوا اچھا نہیں ہوا، بطور شہری کوئی بھی نقصان کرتے ہیں اس سے ملک کا نقصان ہوتا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 3 بلے باز آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ پر ہیں۔ بولنگ پاکستان کی بہت زبردست ہے۔پاکستان کے پاس ورلڈ کپ جیتنے کا بہترین موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی پچز بیٹرز کےلیے سازگار ہوتی ہیں، کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے بہترین ٹیم کا انتخاب کرنا ہوگا۔یہ آئیڈیل وقت، پاکستان ٹیم کے پاس اچھی تیاری کرنے کا موقع ہے، ابھی سے پلاننگ کی جائے تو ورلڈ کپ کےلیے ٹیم تیار کر سکتے ہیں۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کو ون ڈے کی پریکٹس نہیں مل رہی، اس پر کام کرنا ہوگا۔ آپس میں میچز کرائے جا سکتے ہیں، زیادہ ون ڈے کرکٹ کھیلنے کا مواقع بنانے چاہئیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ غیرملکی کوچز اپنے اپنے گھروں کو چلے جاتے ہیں تو قومی ٹیم ٹریننگ کیسے کرے گی؟

بابر اعظم سے متعلق بات کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ بطور کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ بہتر ہوئی ہے اور وہ اچھا کھیل رہا ہے۔کپتانی کے بارے میں فیصلہ بابر اعظم نے ہی کرنا ہے۔ وہ خود فیصلہ کریں کہ انہیں کسی فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنی ہے یا نہیں؟

مصباح نے کہا کہ پاکستان بھارت کرکٹ کے حوالے سے دونوں حکومتوں کو فیصلہ کرنا چاہیے۔ کھیلوں کو سیاست سے الگ کیا جائے اور دونوں ممالک کو آپس میں کھیلنا چاہیے۔

مصباح الحق نے کہا کہ پی ایس ایل کی پاکستان میں مقبولیت زیادہ ہے، ایونٹ کو متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کے بارے میں سوچنا بھی نہیں چاہیے