راولپنڈی(امت نیوز)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ سانحہ9مئی میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات آرمی ایکٹ اورآفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ہورہے ہیں،فوج اورعوام کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش قابل برداشت ہےنہ ہی قابل معافی ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے لاہور کا دورہ کیا ،جہاں انہوں نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی ، آرمی چیف نےجناح ہاؤس اورفوج کی ایک تنصیب کا بھی دورہ کیا ،دورے کے موقع پر آرمی چیف کو 9 مئی (یوم سیاہ) کے واقعات پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ سانحہ9مئی میں ملوث ملزموں کے خلاف قانونی کارروائی شروع ہوچکی ،منصوبہ سازوں،اکسانےوالوں، حوصلہ افزائی کرنے والوں کیخلاف مقدمات آرمی ایکٹ اورآفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ہورہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا فوج اپنی طاقت عوام سے حاصل کرتی ہے، فوج اورعوام کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش قابل برداشت ہےنہ ہی قابل معافی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ دشمن قوتیں،ان کےحامی جعلی خبروں کےذریعے انتشار پھیلانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں،دشمن کے ایسے تمام عزائم کو قوم کے تعاون سے ناکام بنایا جائے گا
بعد ازاں آرمی چیف نے سروسز ہسپتال لاہور کا بھی دورہ کیا اور ڈی آئی جی علی ناصر رضوی کی خیریت دریافت کی جو 9 مئی کے واقعے میں سیاسی شرپسندوں کے ہاتھوں زخمی ہوئے تھے۔
اس کے بعد آرمی چیف نے قربان لائنز کا بھی دورہ کیا اور پولیس حکام سے ملاقات کی۔آرمی چیف نے پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرعاصم منیر نے فسادات توڑ پھوڑ کے دوران پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور تحمل کو سراہا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان کی صلاحیتوں میں اضافے، انٹیلی جنس شیئرنگ اور تربیت کے لیے فوج کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
قبل ازیں آمد پر کور کمانڈر لاہور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔