اردن کے ولی عہد کی سعودی منگیتر سے شادی یکم جون کوطے

عمان(امت نیوز)اردن کی شاہی عدالت نے بتایا ہے ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ دوم کی سعودی منگیتر رجوہ آل سیف سے شادی کی تقریب یکم جون 2023 کو دارالحکومت عمان کے ظہران پیلس میں ہوگی۔شاہی جلوس شادی کی تقریب کے بعد حسینیہ محل میں جائے گا۔

ظہران محل دارالحکومت عمان میں تعمیر کیے گئے قدیم ترین محلات میں سے ایک ہے۔ تیس سال قبل اس محل میں 10 جون 1993 کو شاہ عبداللہ دوم اور ملکہ رانیہ کی شادی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھا

17 اگست 2022 کو شاہی ہاشمی عدالت نے "ٹویٹر” پر اردن کے شاہ عبداللہ دوم کے بڑے بیٹے ولی عہد شہزدہ الحسین کی رجوہ سے منگنی کا اعلان کیا تھا۔ منگنی کی تقریب ریاض میں رجوہ آل السیف کے والد کے گھر منعقد ہوئی۔ تقریب میں رجوہ کے خاندان اور اردن کے بادشاہ شہزادہ حسن بن طلال، شہزادہ ہاشم بن عبداللہ الثانی، شہزادہ علی بن الحسین، شہزادہ ہاشم بن الحسین، شہزادہ غازی بن محمد، شہزادہ راشد بن الحسن اور دیگر افراد شریک تھے۔

رجوہ بنت خالد 28 اپریل 1994 کو ریاض میں پیدا ہوئیں۔ وہ فیصل، نائف اور دانا کی چھوٹی بہن ہیں۔ انہوں نے اپنی ثانوی تعلیم سعودیہ سے حاصل کی ۔ اعلیٰ تعلیم نیویارک امریکہ میں سائراکیز یونیورسٹی میں فن تعمیر کی فیکلٹی سے حاصل کی۔

شادی کے بعد شہزادی رجوہ کو اردن کے ولی عہد کی اہلیہ کا خطاب ملے گا۔ ولی عہد سے باضابطہ طور پر شادی کے بعد رجوہ شاہی گھر کی تمام سرگرمیوں میں شرکت کریں گی۔ جیسا کہ ان کی مستقبل کی ساس اردن کی ملکہ رانیہ نے ولی عہد کی اہلیہ کے طور پر کام انجام دیے تھے۔ رجوہ ولی عہد کی نمائندگی کرنے کے قابل ہو جائیں گی۔ بیرون ملک منعقد ہونے والی تقریبات میں وہ موجودہ ملکہ کی مانند نمائندگی کریں گی۔ وہ سماجی اور خیراتی منصوبوں سے متعلق سرگرمیوں میں بھی بھی شرکت کر سکیں گی۔