راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) گولڑہ موڑ اسلام آباد کی حدود میں ایک ہوٹل پر مضر صحت کھانافروخت ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد،سی ای او،راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ عمران گلزار نے نوٹس لے لیا،فوڈ برانچ کے انچارج چوہدری ہارون ظفر کی سربراہی میں ٹیم فوراً مذکورہ ہوٹل پر پہنچ گئی۔کارروائی کے دوران ہوٹل مالکان نے بتایا کہ یہ حدود سی ڈی اے کی ہے اور اس کی حدود کے تعین کیلئے انھوں نے عدالت سے حکم امتناعی لے رکھا ہے۔ہوٹل مالکان نے اسلام آباد انتظامیہ کی طرف سے جاری کئے گئے رجسٹریشن سر ٹیفکیٹ کی کاپی اور آر ٹی او اسلام آباد کی طرف سے جاری کئے گئے ٹیکس وصولی کے کاغذات بھی موقع پر کنٹونمنٹ بورڈ کی فوڈ برانچ کو دکھائے تاہم فوڈ برانچ کی طرف سے مضر صحت کھانے کی کی شکایت پر نوٹس جاری کر دیا گیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بغیر تصدیق کسی بھی ادارے پر اس طرح کی الزام تراشی سے گریز کیا جائے۔