راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر)ترنول میں پہلے عوامی سہولت بازار کا انعقادآغاز کردیا گیاجہاں آٹا،چینی،گھی،دالیں،سبزیوں سمیت دیگر روزمرہ کی اشیاء خوردونوش ہول سیل ریٹ سے بھی کم قیمت پر فروخت کی گئیں۔اسلام آباد کو مختلف9حصوں میں تقسیم کیا ہے ہر ہفتے کو اسلام آباد کے کسی ایک زون میں اسی طرز پر عوامی سہولت بازار لگانے کا اعلان۔تفصیلات کے مطابق پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے کمر توڑ مہنگائی میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت عوامی سہولت بازار کا آغاز کر دیا گیا،اس سلسلے میں ترنول پھاٹک کے قریب ہفتے کو پہلے بازار کا افتتاح قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 54اسلام آباد سے مرکزی مسلم لیگ کے نامزد امیدوار چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ نے کیا اس موقع پر انکے ہمراہ حلقہ کوآرڈنیٹر میاں عمران علی،نعمان اشرف،مرکزی مسلم لیگ یوسی ترنول کے رہنما باروز خان،محمد خالد ودیگر بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ کا کہنا تھا کہ کمرتوڑ مہنگائی سے عام آدمی دو وقت کی روٹی کیلئے بھی پریشان ہے،آئے روز بڑھتی ہوئی مہنگائی سے عوام کی مشکلات دن بدن بڑھ رہی ہیں، جبکہ حکمران ایک دوسرے کو نیچا دیکھانے اور سیاسی انتقام میں لگے ہیں،پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا منشور اور سلوگن خدمت انسانیت ہے،عوامی سہولت بازار مرکزی مسلم لیگ کے عوامی خدمت کا منصوبہ ہے جس کے تحت اشیاء خوردونوش بغیر منافع کے مارکیٹ ریٹ سے کم قیمت پر فراہم کی جا رہی ہیں، اس سلسلے میں پہلے بازار کا انعقاد ترنول میں کیا گیا ہے۔