نارووال : وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے اپنے حمایتیوں کےذہنوں میں نفرت پیدا کی اور اس زہرآلود سیاست کا نتیجہ 9 مئی کو نکلا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو شہدا کی یادگاروں کو نشانہ بنایا گیا اور نذرآتش کیا گیا، جناح ہاؤس اور شہدا کی یادگاروں پر حملہ افسوسناک ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے اپنے حمایتوں کو انتہا پسندی کی طرف مائل کیا، اور کہا کہ امریکا کی ڈکٹیشن کیوں لیں، یہ اپنے دور میں عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہے، اور موجودہ حکومت کو امپورٹڈ کہا، ملکی دشمنی میں اداروں کیخلاف مہم چلائی اور قومی اداروں پرتنقید کی، اپنے حمایتیوں کے ذہنوں میں نفرت پیدا کی، اور پھر اس زہرآلود سیاست کا نتیجہ 9 مئی کو نکلا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 9 مئی کو منصوبہ بندی کے تحت اہداف کو نشانہ بنایا گیا، عمران خان کی گرفتاری کے بعد اہداف کو نشانہ بنانے کا کہا گیا، اور پھر جو کچھ ہوا اس کو سیاسی احتجاج نہیں کہا جاسکتا، کوئی معاشرہ احتجاج کو جلاؤ گھیراؤمیں تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دیتا، یہ لوگ پاکستان کو کمزور کرکے غلامی میں دھکیلنا چاہتے تھے، میں مطالبہ کرتا ہوں کہ ملوث افراد کوسخت سزادی جائے۔