کراچی: گلشن حدید موڑ نیشنل ہائی وے پر پکنک پر جانے والی تیز رفتار وین ٹائر پھٹنے الٹ گئی جس کے سبب خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق اور بچوں سمیت 14 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
میڈیا کے مطابق حادثے میں جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے اور متاثرہ افراد کورنگی سے ٹھٹھہ کلری جھیل پکنک پر جا رہے تھے۔ زخمیوں کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 35 سالہ خاتون فرح زوجہ عارف اور 37 سالہ کلیم ولد محمد سلیمان شامل ہیں۔ زخمیوں میں 27 سالہ اقراء دختر نوید،25 سالہ عاطف ولد محمد شریف،2 سالہ حسنین ولد عارف، 36 سالہ محمدعارف ولد محمد شریف، 55 سالہ نصرت جہاں زوجہ محمد شریف، 8 سالہ عائشہ دخترعارف، 8 سالہ حبیبہ دخترنوید، 12 سالہ فاریہ دخترعارف، 4 سالہ محمد آصف ولد محمد عارف، 5 سالہ ماہانی دختر کلیم، 3 سالہ ماہ نور دختر کلیم ، ایک سالہ حرا دختر نوید، 5 سالہ خدیجہ دختر نوید اور 32 سالہ نوید ولد ندیم سمیت و دیگر شامل ہیں۔
ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن افتخار آرائیں کے مطابق حادثے میں جاں بحق اور زخمی افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور کورنگی کے رہائشی ہیں، وین کا پچھلا ٹائر برسٹ ہوا جس کے سبب وین الٹ کر درخت سے ٹکرائی۔
متاثرہ وین میں بچوں اورخواتین سمیت تقریباً 18 افراد سوار تھے، حادثے میں زخمی ہونے والی ایک بچی کی حالت تشویش ناک ہے۔