اسلام آباد(امت نیوز)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ایک کانفرنس کرکے کشمیریوں کی آواز دبا نہیں سکتا۔
بلاول بھٹو زرداری تین روزہ دورے پر آزاد کشمیر پہنچ گئے۔ جہاں وہ اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
اس موقع پر وزیرخارجہ نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب بھارت جی ٹوئنٹی کا اجلاس مقبوضہ کشمیر میں کرارہا ہے، مجھے آزاد کشمیر اسمبلی سے خطاب کی دعوت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو یہ سمجھتے ہیں کہ ایک کانفرنس کا انعقاد کرکے وہ مقبوضہ کشمیر کی آواز کو دباسکتے ہیں، ہم ان کو غلط ثابت کریں گے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہندوستان کے لیے یہ ممکن نہیں کہ وہ دنیا میں کوئی اہم کردار ادا کرسکے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر نے مجھے ضلع باغ میں احتجاجی جلسے کی بھی دعوت دی ہے۔
قبل ازیں مظفرآباد پہنچنے پرپاکستان پیپلزپارٹی کے اراکین قانون ساز اسمبلی نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کیا۔