کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق صوبائی وزیراوررہنما پی ٹی آئی شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ جس نے پارٹی چھوڑ کر جانا ہے جائے، ہمیں مسئلہ نہیں
نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں کہ لوگ مشکل وقت میں اپنی جماعت کو چھوڑ کر جائیں، جس نے جانا ہے جائے، ہمیں مسئلہ نہیں، جانے آنے سے کچھ نہیں ہوتا، ووٹ عمران خان کا ہے، البتہ لوگوں کے جانے سے پارٹی میں صفائی ہو رہی ہے۔
کراچی کی میئرشپ سے متعلق شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ کراچی میں جو اکثریت ثابت کرے گی اسی کا میئر آنا چاہئے، الطاف حسین سے ہمارا کوئی رابطہ نہیں اور نہ ہونا چاہئے، اصل اپوزیشن تو ہم ہیں، البتہ ہم پیپلز پارٹی کے ساتھ نہیں جا سکتے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان ملک سے باہر نہیں جائیں گے، پی ٹی آئی کا مقابلہ الیکشن میں نہیں کیا جا سکتا اسی لئے ہمیں فوج سے لڑانے کی سازش کی گئی، ہم نے پرامن احتجاج کی کال دی اور اس میں نامعلوم افراد شامل ہوئے۔
9 مئی کے واقعات کے حوالے سے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ کی جوڈیشل انکوائری اور اس میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے لیکن یہ کوئی طریقہ نہیں کہ کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے جائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئی قانون نہیں، اگر انہیں عمران خان کو گرفتار کرنا تھا تو کرلیتے لیکن عدالت کے احاطے سے گرفتار کرنا غلط طریقہ تھا، کسی پی ٹی آئی رہنما نے توڑ پھوڑ کا کہا ہے تو انہیں گرفتار کریں۔