اسلام آباد میں 5 سالہ بچی کا زیادتی کے بعد سفاکانہ قتل

اسلام آباد ( اسٹاف رپورٹر ) وفاقی دارالحکومت میں کمسن لڑکی سے زیادتی کرنے کے بعد قتل کر کے نعش کو گلی میں پھینک دیا گیا ، تفصیلات کے مطابق تھانہ بھارہ کہو کے علاقے نٸی آبادی محلہ عثمانیہ میں پانچ سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرکے نعش گلی میں پھینک دی گئی، مقتولہ بنت فیصل الطاف کی نعش کو پمز ہسپتال کے مردہ خانے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔شواہد کے مطابق زیادتی کے بعد معصوم بچی کو پتھروں سے مار مار کر قتل کیا گیا ہے ، ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ بہارہ کہو پولیس نے بچی کے قتل کا مقدمہ درج کر کے پوسٹمارٹم کا عمل مکمل کر لیا ہے ، انھوں نے مزید بتایا کہ تفتیش کرتے ہوئے پولیس نے مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا ہے اور تفتیش کی نگرانی براہ راست ڈی آئی جی آپریشنز کررہے ہیں۔ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کےلیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔