راولپنڈی، تمام پارک سولر سسٹم پر منتقل کرنے کافیصلہ

راولپنڈی(امت نیوز )نگران صوبائی وزیر سیکنڈری وپرائمری ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ راولپنڈی کے تمام پارکوں کے نام تاریخی شخصیات سے منسوب کئے جا رہے ہیں اور پارکوں کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ بجلی کی بچت کی جا سکے۔یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی جس میں پی ایچ اے راولپنڈی کے امور اور شہر کی تزئین و آرائش اور خوبصورتی کی منصوبہ بندی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے راولپنڈی احمد حسن رانجھا، اے ڈی فنانس پی ایچ اے انصر حیات، ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایچ اے مسعود احمد اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ نئے پودے لگانے کے علاوہ پرانے پودوں کی حفاظت کا بھی بندو بست ہونا چاہئے اور شہر کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کے متعلقہ حکام تشہیری بورڈز کیلئے فرمز کے ساتھ پیشہ ورانہ انداز میں خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آئیں تاکہ اس تشہیر کیلئے فرمز میں صحت مند مسابقت پیدا ہو اور پی ایچ اے کے ریونیو میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو خوشگوار اور صحت مند ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے پی ایچ اے کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے شہریوں میں صفائی کا خیال رکھنے اور اپنے گھروں میں پودے لگانے اور ان کا خیال رکھنے کے حوالے سے باقاعدہ آگاہی مہم چلائے۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ پارکوں میں موجود پبلک ٹوائلٹس کی صفائی کا بھی مناسب خیال رکھا جائے اور اس مقصد کیلئے عملہ بھی تعینات کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے راولپنڈی کیلئے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر صوبائی وزیر کو پی ایچ اے راولپنڈی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔