مقبوضہ سرینگر میں کانفرنس عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔ چوہدری انوار

مظفرآباد( نمائندہ امت)وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جی 20 اجلاس کا انعقاد دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کا نیا حربہ ہے،مقبوضہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے بھارت کا حصہ نہیں ، بھارت اس پر غاصبانہ قبضہ کیے ہوئے ہے،وہاں جی ٹونٹی اجلاس کا انعقاد عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر اس وقت دنیا کا سب سے بڑا ملٹری زون ہے جہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں ۔ جی ٹونٹی ممالک متنازعہ علاقہ میں جی ٹونٹی کانفرنس کا بائیکاٹ کریں اور بھارت سے کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق خود ارادیت دینے کا مطالبہ کریں. چین کی حکومت کا شکریہ کہ انہوں نے متنازعہ علاقہ میں اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ سیز فائر لائن کےدونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری مقبوضہ جموں کشمیر میں جی ٹونٹی اجلاس کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے اپنے ایک خصوصی بیان میں کہاکہ ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر پر اپنے غیرآئینی ، غیر قانونی اور غیر اخلاقی تسلط کو برقرار رکھنے کیلئے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کرتارہا ہے۔